آپ نے موٹر سائیکل ، کار اور بس کو تو دھکا لگا کر اسٹار ٹ کرتے ہوئے دیکھا ہوگا لیکن سائبیریا میں ہوا کچھ مختلف جہاں برف میں پھنسے جہاز کو اسٹارٹ کرنے کے لیے مسافروں کو دھکا لگانا پڑا تب جاکر جہاز نے اڑان بھرنے کی حامی بھری۔
سائبیریا کے اگارکا ایئر پورٹ پر ٹی یو 134 نامی طیارہ برف باری کے باعث رن وے پر پھنس گیا اور اسٹار ٹ ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا، مسافروں کو بتایا گیا کہ جہاز کے انجن میں تیل جم گیا ہے اور کوشش کی جارہی کہ اسے مائع میں تبدیل کرکے جہازکو اسٹار ٹ کیا جائے، اسی دوران مسافروں نے انتظار کے بعد فیصلہ کیا کہ جہاز کو دھکا لگا کر اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے شاید اسی طرح مصیبت کی اس گھڑی سے نکلا جاسکے، بس پھر کیا تھا تمام
مسافر جہاز سے اترے اور شدید سرد موسم میں وزنی کوٹ اور ہاتھوں پر دستانے پہنے جہاز کے دونوں پروں کے سامنے کھڑے ہوگئے اور سب نے ایک ساتھ آواز لگائی ’لیٹس گو‘ اور جہاز کو دھکا لگانا شروع کردیا۔
خون جماتے درجہ حرارت اور یخ بستہ ہواؤں کے باوجود مسافروں کی یہ کوششیں رائیگاں نہیں گئیں اور جہاز کے انجن نے کام شروع کردیا اوراس طرح لوگوں کی جان میں جان آئی۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کی تحقیق کی جارہی ہے کہ ایسا تو نہیں کہ کوئی ایوی ایشن اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی ہو جس کے باعث انجن میں تیل جم گیا ہو جب کہ دوسری جانب طیارہ بنانے والی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاز کی روانگی میں ہونے والی خرابی تکنیکی نہیں بلکہ موسم کی شدت کے باعث پیدا ہوئی۔